:سوال
مسجد کے حجرہ میں کوئی شخص علیحدہ نماز پڑھے تو اس کی نماز ہوگی یا نہیں؟
: جواب
مسجد کے حجرہ میں فرضوں کے سوا اور نمازیں پڑھنا بہتر ہے یہاں تک کہ فرائض کے قبل و بعد کے سنن مؤکدہ میں بھی بر بنائے اصل حکم افضل یہی ہے کہ غیر مسجد میں ہو۔ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم فرماتے ہیں ”افضل صلوة المرء في بيته الا المكتوبة ” ترجمہ: فرض نماز کے علاوہ آدمی کی نماز گھر میں افضل ہے۔
(صحیح مسلم ، ج 1 ص 266 ،نور محمد اصح المطابع، کراچی )
مگر فرائض بے عذر قوی مقبول اگر حجرہ میں پڑھے اور مسجد میں نہ آئے گنہگار ہے، چند بار ایسا ہو تو فاسق مردود الشہادة ہوگا ، حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم فرماتے ہیں ”الاصلوة الجار المسجد الا في المسجد ” ترجمہ: مسجد کے پڑوسی کی نماز صرف مسجد میں ہوتی ہے۔
(سنن الدار قطنی ، ج 1 ،ص 420 ،نشرالنسۃ ،ملتان )
بحوالہ فتاوی رضویہ: جلد نمبر7، صفحہ نمبر 393