:سوال
یہ کہنا کہ نماز خدا تعالی کی پڑھتا ہوں جائز ہے یانہیں ؟ ایک صاحب اس کہنے کو منع کرتے ہیں۔
:جواب
بلا شبہ جائز ہے ان صاحب کے منع کرنے کے اگر یہ معنی ہیں کہ نیت کرتے وقت زبان سے یہ الفاظ نہ کہے جائیں تو ایک قول ضعیف و نا معتمد ہے، عامہ کتب میں جواز تلفظ بہ نیت ( نیت کو زبان سے کہنے کے جواز ) بلکہ اس کےاستحباب ( مستحب ہونے )کی تصریح فرمائی۔
اور اگر یہ مراد نماز کو اللہ عزوجل کی طرف اضافت کرنا منع ہے تو سخت جہل اشنع ( بہت شنیع جہالت ) ہے، یہ صاحب بھی ہر نماز میں التحیات للہ و الصلوات کہتے ہوں گے ( کہ سب مجرے اور سب نماز یں اللہ کی ہیں ) پر ظاہر کہ یہاں اضافت بھی لامیہ ہے بالجملہ اس منع کی کوئی وجہ اصلا نہیں۔
بحوالہ فتاوی رضویہ: جلد نمبر6، صفحہ نمبر 46